امرتسر،18؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) پنجاب کے امرتسرمیں نرنکاری سگاگم میں ہوئے گرینیڈ حملے کے بعد وزیراعلیٰ کیپٹن امریندرسنگھ نے چنڈی گڑھ میں ایمرجنسی میٹنگ بلائی ہے۔ کیپٹن امریندرسنگھ اعلیٰ سطح کے سیکورٹی افسران کے ساتھ میٹنگ کررہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے حادثہ کے مہلوکین کے لئے 5-5 لاکھ روپئے کے معاوضے کا اعلان کردیا ہے جبکہ زخمیوں کے مفت علاج کا اعلان کیا ہے۔ امرتسردھماکہ کے بعد پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے لوگوں سے امن وامان برقراررکھنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے خوفزدہ نہیں ہونے کےلئے بھی کہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے ٹوئٹ کرکے اس حادثے پرافسوس کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے تمام ضروری امداد فراہم کرانے کے لئے بھی کہا ہے۔ سیکورٹی افسروزیراعلیٰ کوحادثہ کے متعلق اطلاعات دے رہے ہیں۔ امکان ظاہر کیاجارہا ہے کہ وزیراعلیٰ جائے حادثہ کا معائنہ کرنے جاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امرتسر واقع نرنکاری بھون میں دو لوگوں نے بم پھینکا ہے۔ اس حادثہ میں تین لوگوں کی موت ہوگئی ہے جبکہ 10 سے زیادہ لوگ زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کی ٹیم موقع پرموجود ہے۔ فی الحال حادثے کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق بائیک سواردولڑکوں کو سگاگم میں بم پھینک کربھاگتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ فی الحال پنجاب پولیس موقع پرپہنچ گئی ہے۔
پولیس اس حادثہ کو دہشت گردانہ واقعہ مان کرچل رہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے پنجاب میں مشکوک افراد کی موجودگی کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ وہیں پولیس نے بھی ریاست میں ہائی الرٹ کا اعلان کیا تھا۔ امرتسرکے نرنکاری سگاگم میں دھماکے کے بعد دہلی کے براڑی سنت نرنکاری آشرم کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔